یہ اللہ کی وہ صفت ہے جو ہر وقت سامنے آتی رہتی ہے۔ مسلسل روبعمل رہتی ہے۔ اللہ جو کچھ چاہے ، کر ڈالنے والا ہے۔ اس کا ارادہ بےقید ہے ، جو چاہتا ہے اختیار کرلیتا ہے ، جو چاہتا ہے ، کرتا ہے ، اور یہ صفت دائمی اور ابدی ہے ، یہ اللہ کی صفت ہے۔
بعض اوقات اللہ چاہتا ہے کہ اس دنیا ہی میں اہل ایمان کو فتح نصیب ہو اور اس میں کوئی حکمت ہوتی ہے ، بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ ایمان کو عذاب پر ترجیح ملتی ہے۔ فانی جسم تو چلے جاتے ہیں ، لیکن ایمان باقی رہتا ہے اور اس میں بھی حکمت ہوتی ہے۔ بعض اوقات وہ جباروں کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے اور اس میں حکمت ہوتی ہے اور بعض اوقات ایسے ہی دوسرے جباروں کو مہلت دیتا ہے اور اس میں بھی حکمت ہوتی ہے۔ اس کے سب کام اس کی تقدیر کے مطابق حکمت پر مبنی ہوتے ہیں۔
یہ اللہ کی حکمتیں ہیں ، اخدودوالوں نے اہل ایمان کو ہلاک کردیا ، اور ان کو مہلت ملی اور فرعون اور ثمود کو اللہ نے ہلاک کیا۔ یہ سب واقعات اللہ کا ارادہ مطلقہ اور اس کی حکمت اور تقدیر کے مطابق ہوئے۔ اور اللہ کا بےقیدارادہ اسی طرح اس پوری کائنات میں انہیں حکمت کے مطابق کام کرتا ہے۔ اور اللہ جو چاہتا ہے ، کر گزرتا ہے ۔ اسی کا ایک نمونہ یوں ہے۔